ابوطہبی ٹی 10:کولن منرو کی شاندار 77 رنز کی اننگز، واریئرز کی بُلز پر 35 رنز سے فتح

ابوطہبی ٹی 10:کولن منرو کی شاندار 77 رنز کی اننگز، واریئرز کی بُلز پر 35 رنز سے فتح
ابوظہبی: ابوظہبی ٹی10 لیگ میں ناردرن واریئرز نے شاندار بیٹنگ اور بہترین بولنگ کے امتزاج سے یو اے ای بُلز کو 35 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔
اس کامیابی میں مرکزی کردار نیوزی لینڈ کے تجربہ کار بیٹر کولن منرو کا تھا جنہوں نے 35 گیندوں پر 77 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر مخالف ٹیم کے ڈھانچے کو ہلا کر رکھ دیا۔
ناردرن واریئرز نے یو اے ای بُلز کو 138 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں یو اے ای بُلز بیٹنگ کے آغاز سے ہی دباؤ کا شکار رہے۔عظمت اللہ عمرزئی، شاہنواز دھانی اور شاہد بھٹہ نے دو، دو شکار کرتے ہوئے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو ایک لمحے کے لیے بھی سنبھلنے نہ دیا۔
فل سالٹ، روومن پاول اور ٹام مورز جیسے بیٹرز بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 103 رنز تک محدود رہی۔دوسرے میچ میں آسپن اسٹیلینز نے شاندار بیٹنگ اور متوازن بولنگ کے ذریعے ڈیولکن گلیڈی ایٹرز کو 33 رنز سے شکست دے دی۔
اسٹیلینز نے پہلے کھیلتے ہوئے دو وکٹوں کے نقصان پر 134رنزبنائے۔رحمان اللہ گرباز نے 24 گیندوں پر 48 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا،
جبکہ آخر میں شیرفین ردرفورڈ(48 ناٹ آؤٹ) اور بین کٹنگ (15 ناٹ آؤٹ) نے صرف 7 گیندوں پر 22 رنز جوڑ کر اسکور کو مشکل بنا دیا۔ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی اننگز کبھی بھی مکمل طور پر رفتار نہ پکڑ سکی۔
نکولس پوران اور آندرے رسل نے مختصر مزاحمت دکھائی مگر وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے رن ریٹ کو مزید مشکل بنا دیا۔حفیظ الرحمان نے 13 رنز کے عوض 2 اہم وکٹیں حاصل کیں
جبکہ ٹائمل ملز سمیت دیگر بولرز نے بھی نپی تلی لائن و لینتھ سے بیٹرز کو باندھے رکھا۔ گلیڈی ایٹرز 101/6 تک ہی پہنچ سکے اور اسٹیلینز نے شاندار آل راؤنڈ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔



