آئی ایل ٹی 20 :گلف جائنٹس نے شارجہ واریئرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

آئی ایل ٹی 20 :گلف جائنٹس نے شارجہ واریئرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی
دبئی : آئی ایل ٹی 20 سیزن 4 کے اہم میچ میں گلف جائنٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شارجہ واریئرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
یو اے ای کے اسپنر آیان خان نے میچ کا نقشہ بدل کر رکھ دیا اور 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرکے پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ وہ آئی ایل ٹی 20 میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے یو اے ای کرکٹر بن گئے۔
شارجہ واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 157 رنز بنائے۔ اننگز کے آغاز میں جانسن چارلس اور کسل مینڈس نے مثبت کھیل پیش کیا، تاہم درمیانی اوورز میں گلف جائنٹس کے اسپنرز، خصوصاً آیان خان نے مخالف بیٹنگ لائن کو سنبھلنے نہ دیا۔
پریٹوریئس نے اختتامی مرحلے میں 36 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور بہتر ضرور کیا، لیکن مجموعی ٹوٹل خاطر خواہ ثابت نہ ہوا۔ہدف کے تعاقب میں گلف جائنٹس کے اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور جیمز ونس نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔
دونوں نے پاور پلے میں پانچ چھکے لگا کر میچ پر جائنٹس کی گرفت مضبوط کردی۔ گرباز نے نصف سنچری اسکور کی جبکہ ونس نے 35 رنز بنائے۔
درمیانی اوورز میںسکندر رضا اور عادل رشید نے بولنگ سے کچھ مزاحمت دکھائی، مگر فیصلہ کن لمحات میں آزمۃ اللہ عمرزئی اور ایراسمس نے پرسکون بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلادی۔
گلف جائنٹس نے مطلوبہ 158 رنز کا ہدف دو گیندیں قبل حاصل کرلیا اور پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی، جبکہ شارجہ واریئرز کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پلیئر آف دی میچ آیان خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کچھ میچوں سے بولنگ نہیں کر رہے تھے، اس لیے اس کارکردگی نے ان کا اعتماد بحال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپنرز کے لیے سازگار پچ پر وکٹیں حاصل کرنا خوشی کا باعث ہے۔شارجہ واریئرز کے کپتان ٹم ساؤتھی نے کہا کہ مسلسل شکستیں ٹیم کے لیے تشویشناک ہیں، تاہم اگلے میچز میں واپسی کی کوشش کی جائے گی۔



