
گلاسگو میں شدید سردی کی وجہ سے جسم ٹھٹھر گیا تھا،ارشد ندیم
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم گلاسگو میں ہونے والے ایتھلیٹکس ایونٹ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ میاں چنوں آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ مقابلوں کے دوران شدید سردی کے باعث وہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ایونٹ کے دوران ان سے چند معمولی غلطیاں بھی ہوئیں، تاہم وہ ان غلطیوں سے سبق سیکھ چکے ہیں اور آئندہ انہیں دہرانے کی کوشش نہیں کریں گے۔
ارشد ندیم نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے ملک کے لیے بہترین کھیل پیش کرے، لیکن بعض اوقات حالات کارکردگی پر اثر انداز ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شدید سردی کی وجہ سے ان کا جسم ٹھٹھر گیا تھا، جس کے باعث ان کی تھرو ضائع ہوئی۔ ارشد ندیم نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہوئیں، لیکن وہ آئندہ ایسی غلطیاں نہیں کریں گے۔
ارشد ندیم نے قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی کارکردگی سے شائقین مایوس ہوئے ہیں تو وہ آئندہ ایسا موقع نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور آنے والے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ نے قوم سے اپیل کی کہ ان کے لیے دعا کریں اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھیں، کیونکہ عوام کی محبت، اعتماد اور دعائیں ہی ان کے لیے سب سے بڑی طاقت ہیں۔



