لاہور پریس کلب کا ممبران اور فیملیز کے لیے ’جشنِ آزادی اسپورٹس فیسٹیول‘ کے انعقاد کا فیصلہ

لاہور پریس کلب کا ممبران اور فیملیز کے لیے ’جشنِ آزادی اسپورٹس فیسٹیول‘ کے انعقاد کا فیصلہ
لاہور: لاہور پریس کلب کی اسپورٹس کمیٹی نے پاکستان کا یومِ آزادی بھرپور، شاندار اور پروقار انداز میں منانے اور صحافی برادری سمیت ان کے اہل خانہ میں صحت مند تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اسپورٹس مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اہم فیصلہ اسپورٹس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ نے کی۔
اجلاس میں کمیٹی کے ارکان محمد بابر، حافظ عمران، اظہر مسعود، تقویم ملت اور رفیق خان نے بالمشافہ شرکت کی، جبکہ عبد الرؤف خان، اقبال ہارپر اور عمران سہیل شہر سے باہر مصروفیات کے باعث آن لائن شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں لاہور پریس کلب کے اراکین کے لیے مختلف کھیلوں کے ایونٹس کی ترتیب و تنظیم سے متعلق متعدد تجاویز کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پریس کلب کے ممبران اور بالخصوص ان کے بچوں کو کھیل کود اور تفریحی سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
کمیٹی نے مقابلوں کو باہم مربوط اور کامیاب بنانے کے لیے صوبائی وزیرِ کھیل فیصل کھوکھر سمیت دیگر سپورٹس ایسوسی ایشنز اور انتظامی اداروں سے رابطہ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
کمیٹی ارکان نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ اسپورٹس فیسٹیول نہ صرف صحافیوں کے مابین باہمی تعلقات اور اخوت کو مضبوط کرے گا بلکہ پریس کلب کی کمیونٹی میں کھیلوں کے مثبت رجحان اور خاندانی تفریح کو بھی فروغ دے گا۔



