
پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی بحالی،
فروغ اور ترقی کے لیے ایک اور کارپوریٹ ادارے نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ ہاتھ ملا لیا ہے۔
اسلام آباد ; وائٹل گروپ (Vital Group) اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے درمیان تعاون کے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت وائٹل گروپ کارپوریٹ وسائل اور شراکت داری کے ذریعے قومی کھیل کی سرپرستی کرے گا۔
اس اشتراک کو پاکستان میں ہاکی کے پائیدار اور روشن مستقبل کی جانب ایک اور اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
معاہدے کی پروقار تقریب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بالخصوص شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان ہاکی کے نامور اولمپینز حسن سردار، ناصر علی، طاہر زمان، خواجہ جنید اور ہاکی فیملی سے تعلق رکھنے والی دیگر ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔
حکومتی قیادت اور سابق اولمپینز کی موجودگی اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس دلایا جائے گا اور قومی کھلاڑیوں کے لیے نئے اور بہترین مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن اور کھلاڑیوں کی جانب سے وائٹل گروپ کا شکریہ ادا کیا گیا کہ انہوں نے قومی کھیل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بحالی کے سفر میں شراکت داری اختیار کی۔
تمام شراکت داروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاکستان ہاکی کو دنیا میں ایک بار پھر وہی عروج دلایا جائے گا جس کا وہ حقدار ہے۔



