
سلطان آف جوہر کپ ; پاکستان جونیئر ٹیم کا شیڈول جاری، پہلا ٹاکرا چین سے
ملائیشیا کے شہر جوہر بہرو میں شروع ہونے والے سلطان آف جوہر کپ انٹرنیشنل جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے میچز کے شیڈول کے مطابق پاکستان چین کے ساتھ پہلے میچ کا آغاز کرے گا۔
مزکورہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ میزبان ملائیشیا، چین، جاپان اور کینیڈا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق، قومی جونیئر ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے رہی ہے اور شائقینِ ہاکی کو ٹیم سے شاندار کارکردگی کی توقع ہے۔
ایونٹ کے میچ شیڈول کے مطابق 17 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ چین ،18 اکتوبر پاکستان بمقابلہ کینیڈا ، 21 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ ملائیشیا ، 23 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ جاپان ہوگا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام قوم اور ہاکی کے چاہنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی جونیئر ٹیم کی فتح اور شاندار کامیابی کے لیے دعاؤں میں یاد رکھیں ۔



