لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2019میرے ون ڈے کیریئر کا آخری ایونٹ ہوگا ، کیریئر کی آخری خواہش ورلڈ کپ جیتنا ہے ، ورلڈ کپ تک کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ سے جلد ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر افسوس نہیں، ٹیسٹ ٹیم کو ابھی مزید وقت دینا ہوگا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 2019میرے ون ڈے کیریئر کا آخری ایونٹ ہوگا، ورلڈ کپ تک ون ڈے کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، کیریئر کا آخری ورلڈ کپ جیتنا خواہش ہے، میگا ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے جلد ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر افسوس نہیں، ٹیسٹ ٹیم کو ابھی مزید وقت دینا ہوگا، اگلے ایک دو سال میں بہتری ہو سکتی ہے، نئے لڑکے مستقل پرفارم کررہے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ سینئر اگر جونیئر کو نہیں سکھاتا تو اسے ٹیم میں نہیں ہونا چاہیے کیونکہ سینئرز کی سپورٹ کے بغیر جونیئرز پرفارم نہیں کر سکتے، کھلاڑیوں میں کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت ہے، ہم چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ ٹی 20تو جیت چکے ہیں ، ٹیسٹ ٹیم میں نوجوان مسلسل پرفارمنس دے رہے ہیں ، کھلاڑیوں کو امید ہے کہ وہ کوئی بھی ایونٹ جیت سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال ورلڈ کپ میں برازیل کو سپورٹ کر رہا ہوں، انجری ٹائم میں ان کے گول پر بہت خوشی ہوئی، اگر گول نہ ہوتا تو میں ڈپریشن کا شکار ہو جاتا۔