پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ سے قبل اوپنر امام الحق اور فاسٹ باؤلر جنید خان بھی ان فٹ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ دونوں کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کے سپر ایٹ راؤنڈ میں اپنے ڈیپارٹمنٹ حبیب بینک کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔ گزشتہ روز بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ راؤنڈ کے آخری میچ شروع ہو گئے، تمام ٹیمیں اپنے اہم ترین کھلاڑیوں سے محروم ہیں۔ ان کرکٹرز کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے متنازع ٹی ٹین لیگ کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے، حبیب بینک کے کوچ کبیر خان بھی ٹی ٹین کی کوچنگ کے لئے شارجہ چلے گئے ہیں، بینک میچ میں کوچ کبیر خان، کپتان احمد شہزاد اور اہم ترین کھلاڑیوں سے محروم ہے۔ حبیب بینک کے عمر گل ، فہیم اشرف اور فخر زمان بھی دستیاب نہیں ہوں گے جب کہ ٹیسٹ سپنر عبدالرحمن، احمد شہزاد کی جگہ کپتانی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کے پاؤں میں فنگس کی بیماری لگ گئی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں مکمل فٹ ہونے میں ایک ماہ سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔ فاسٹ بولر جنید خان کا پاؤں بنگلا دیش پر یمیئر لیگ کے دوران زخمی ہوا تھا۔ وہ بھی فٹ نہیں اور اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔ یوبی ایل اہم ترین میچ میں اپنے کھلاڑیوں عمر اکمل ، سہیل خان، محمد نوازاور عامر یامین کی خدمات سے محروم ہے ۔ رومان رئیس والدہ کی علالت کی وجہ سے میچ نہیں کھیلیں گے۔ واپڈا کے کامران اکمل، وہاب ریاض، میچ کے لئے دستیاب نہیں ۔ سوئی گیس کے شعیب ملک اور محمد عامر بھی موجود نہیں ہیں۔