کولمبو(سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر قومی کرکٹر دنوشکا گونا تھلیکا کو تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے معطل کر دیا۔ سری لنکا کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے دوران گونا تھلیکا کے کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کی رپورٹ کی، ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے بعد انہیں تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے معطل کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ ان کی جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی میچ فیس بھی روک لی گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ سنگین جرم ثابت ہونے پر ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ گونا تھلیکا اس سے قبل بھی کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر معطل رہ چکے ہیں، انہیں گزشتہ سال کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر چھ میچز کیلئے معطل کیا گیا تھا، اس کے علاوہ رواں سال جنوری میں بنگلہ دیش کے خلاف سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل میں بھی آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ان کی سرزنش کی گئی تھی۔