اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سب سے آگے ہے۔ پی ٹی آئی کی کامیابی پر مختلف پاکستانی و غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے عمران خان کو مبارکباد دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہدخان آفریدی نے عمران خان کو مبارکباددیتے ہوئےاپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ’تحریک انصاف اور عمران خان کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آفریدی نے کہا کہ’22 سالہ جہدوجہد آخر کار رنگ لے آئی، پاکستان کو آپ سے بہت توقعات ہیں، مجھے اُمید ہے کہ آپ حقیقی لیڈر ثابت ہوں گے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ میں تمام دیگر پارٹیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ نتائج کو تسلیم کریں اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی انتخابات میں کامیابی پر عمران خان کو مبارکباددی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی کپتانی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کوبلندیوں پر پہنچایا ،امید ہے کہ وہ بطور وزیر اعظم بھی پاکستان کوترقی کے آسمان پر لے جائیں گے۔وسیم اکرم نے کہا کہ عمران خان کو کام کرنے دیں، وہ عوام کا مستقبل بہتر بنائیں گے۔قومی کرکٹر محمد حفیظ نے بھی عمران خان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ ’ماشاءاللہ!! آپ نے ایک بار پھر کر دکھایا، کرپشن کے خلاف یہ طویل جدو جہد تھی‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’عمران خان طاقتور، بھروسہ مند اور بہترین رہنماہیں،بنے گا نیا پاکستان، انشاءاللہ۔برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے اور کہا کہ پاکستان کو مل کر بہتر بنائیں۔غیر ملکی کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر ای ین بشپ نے عمران خان کو مبارکباد دیتےہوئے کہا کہ ’پاکستان کے نئے وزیر اعظم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیر اعظم عمران خان۔انہوں نے عمران خان کو دعا دیتے ہوئے مزید کہا کہ امید ہے آپ ایک مثالی لیڈر کے طور پر اپنے ملک کی خدمت کریں۔شعیب اختر نے بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کی 22 سالہ محنت کا نتیجہ ہے۔عمران خان کے سوا کون پاکستان کا بڑا اور بہتر لیڈر ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ بہت خاص ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ ہمیں عمران خان جیسا وزیر اعظم ملے گا۔