لاہور(سپوٹرس لنک رپورٹ)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر رومان رئیس نے گھٹنے کی انجری سے پریشان ہوکر گذشتہ دنوں اپنے گھٹنے کا آپریشن کرالیا ہے۔وہ چھ ماہ سے اپنی فٹنس سے جنگ لڑرہے ہیں۔ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ رومان رئیس نے آپریشن کراچی کے ایک ہسپتال کرایا ہے اس سے قبل گذشتہ ہفتے مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق نے بھی اپنے ہاتھ کا آپریشن کروایا تھا۔اسد شفیق بھی ری ہیب سے گذر رہے ہیں۔عام انتخابات کے موقع پر رومان رئیس نے سوشل میڈیا پر اپنی تصویر شیئر کی ہے جس میں ان کے دائیں پاں پر پلاسٹر چڑھا ہوا ہے اور ان کے ہاتھ میں چھڑی ہے۔رومان رئیس کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے صفورا کے قریب ایک نجی ہسپتال میں انکا آپریشن ہوا ہے۔ڈاکٹروں کی ہدایت پر اب وہ ری ہیب سے گذر رہے ہیں۔حیران کن طور پر رومان رئیس کے آپریشن سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل لاعلم ہے حالانکہ رومان رئیس کا پی سی بی سے سینٹرل کنٹریکٹ ہے۔وہ گذشتہ دنوں پی سی بی کی قومی اکیڈمی میں میڈیکل پینل کے پاس علاج کرارہے تھے لیکن ری ہیب کے دوران وہ کراچی آئے اور انہوں نے گھٹنے کا آپریشن کرادیا۔26سالہ رومان رئیس پاکستان کی جانب سے 9ون ڈے اور8ٹی ٹونٹی کھیل چکے ہیں۔وہ 28فروری کو شارجہ سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے میچ کے دوران اسلام آباد کی جانب سے کھیلتے ہوئے چوکا روکنے کی کوشش کرتے ہوئے گھٹنے پر چوٹ لگا بیٹھے۔رومان رئیس نے چوکا روکنے کے لیے ڈائیو لگانے کی کوشش کی تاہم ان کا گھٹنا زور سے زمین پر لگا اور وہ گرانڈ میں ہی درد سے کراہنے لگے۔انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی تاہم بعد ازاں رومان رئیس کو سٹریچر پر ڈال کر گرانڈ سے باہر لے جایا گیا۔