اسلام آباد ۔ (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سکوائش فیڈریشن نے چیف آف دی ایئر سٹاف انٹرنیشنل مینز اور پاکستان انٹرنیشنل ویمن سکواش ٹورنامنٹ کیلئے انتظامات مکمل کر لئے۔ ایونٹس میں شرکت کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ 7 ستمبر سے شروع ہوگا۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال کے مطابق دونوں ایونٹس 10 سے 14 ستمبر تک مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔مینز ایونٹ کیلئے 30 ہزار ڈالر جبکہ خواتین ایونٹ کیلئے 10 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیف آف دی ایئر سٹاف انٹرنیشنل مینز اور پاکستان انٹرنیشنل ویمنز سکوائش ٹورنامنٹ میں ہانگ کانگ، ملائشیاء، مصر،، ایران،، آسٹریا، تھائی لینڈ اور ہالینڈ کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے، اسی طرح دونوں ایونٹ میں میزبان پاکستان کے باصلاحیت کھلاڑیوںکو میدان میں اتارا جائے گا۔ مردوں کے ایونٹ میں ہانگ کانگ سے عالمی نمبر20 لیو آو اور خواتین کے ایونٹ میں مصر سے عالمی نمبر 13 رون ٹاپ سیڈ ہوں گے۔