لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے آئندہ ہونے والی پنجاب گیمز کیلئے ایسوسی ایشنز کو میرٹ پر ٹیموں کا انتخاب کرنے کی سخت ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے سفارش کلچر کو ختم کرنا ہوگا تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع مل سکے،سپورٹس کے لئے ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، سپورٹس ایسوسی ایشنز کو جلد گرانٹ جاری کردی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ، فٹ بال ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر سردار نوید حیدر،سلمان ودیگرنے شرکت کی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزیدکہا کہ سپورٹس کی ترقی کے لئے ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں جو ایسوسی ایشن کوئی بھی سپورٹس ایونٹ منعقد کرانا چاہتی ہے سپورٹس بورڈ پنجاب اس سے بھرپور تعاون کرے گا، ہم سٹیڈیم، گرائونڈز اور جمنیزیم سب مفت دیں گے، ایسوسی ایشنز باصلاحیت کھلاڑی تلاش کریں اور ان کو آگے لے کر آئیں، پنجاب گیمز کی تیاریاں شروع کردی جائیں
تمام ایسوسی ایشنز میرٹ پر ٹیمیں بنائیں اور باصلاحیت کھلاڑی تلاش کریں تاکہ سپورٹس کو فروغ ملے، کسی قسم کے دبائو میں آئے بغیر باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کریں اور سفارش کلچر کو دفن کردیں، اس معاملہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ پنجاب کی سپورٹس تنظیموں کو جلد مالی گرانٹ جاری کردی جائے گی بڑی ایسوسی ایشن کو 10لاکھ اور چھوٹی ایسوسی ایشن کو 7لاکھ روپے کی مالی امداد دیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو اچھی سہولتیں میسر آسکیں۔ پنجاب گیمز میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کریں گے ۔پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے کہا کہ ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی سپورٹس کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں، گرانٹ کی بحالی سے سپورٹس ایسوسی ایشنز بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں گی، انشاء اللہ پنجاب گیمز کیلئے ڈی جی سپورٹس پنجاب کی ہدایت پر میرٹ پر ٹیموں کا انتخاب ہوگا، فٹ بال ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر سردار نوید حیدر نے کہا کہ پنجاب انڈر 15فٹ بال کپ کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی کاوشوں سے طویل عرصہ بعد فٹ بال کا ایونٹ ہورہا ہے جس پر ایسوسی ایشن ان کی مشکور ہے، فٹ بال کپ کے انعقاد سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ فٹ بال کے کھیل میں ہمارے پاس بہت ٹیلنٹ ہے۔