کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) سکسٹین اسٹار فٹبا ل اکیڈمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف نارتھ مسلم فٹبال اکیڈمی کو 3-0سے مات دے کر انڈر14ڈیفنس ڈے فیسٹول فٹبال میچ جیت لیا۔ فاتح ٹیم کے عبدالواسع، عبدالرحمن اور عثمان خان نے ایک ایک گول داغا۔سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ اور سیکریٹری ڈی ایف اے سینٹرل انٹرنیشنل سلیم پٹنی مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر نائب صدر محمد شمیم، سید خورشید علی شاہ، یاسر عرفات، لالا اورنگزیب، محمد قاسم، ہارون شیرازی، شیخ اکبر ، محبوب خان، محمد شہزاد، ابتسام علی شہروز ودیگر بھی موجود تھے۔سکسٹین اسٹار کی سرسبز فیلڈ پر کھیلا جانے والا فیسٹول میچ ابتداہی سے دلچسپ رہا۔ دونوں ٹیموں کے نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی عمدہ کارکردگی سے شائقین کے دل موہ لئے۔ وقفہ پر مقابلہ 0-0سے برابر تھا۔ وقفہ کے دوران مہمان خصوصی انٹرنیشنل سلیم پٹنی کا تعارف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کرایا گیا۔
دوسرے ہاف میں سکسٹین اسٹار کے کھلاڑیوں نے زیادہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور 35ویں منٹ میں تقریباً 30گز کی دوری سے عبدالواسع نے فری کک پر زوردار اور نپی تلی کک لے زریعہ گیند کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کو 1-0سے آگے کردیا۔ نارتھ مسلم اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے خسارے میں جانے کے بعد مقابلے میں واپس آنے کی بھرپور کوشش کی لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم 48ویں اور 59ویں منٹ میں عبدالرحمن اور عثمان علی یکے بعد دیگرے 2بار گیند کو جال کے سپرد کرکے 3-0کی فیصلہ کن برتری کے ساتھ اپنی ٹیم کو میدان سے باہر لائے۔ ریفری ابتسام علی شہروز اور میچ کمشنر سید خورشید علی شاہ تھے۔تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر مہمان خصوصی انٹرنیشنل سلیم پٹنی نے مختصر خطاب میں پاکستان آرمی، سیکورٹی اداروں کے شہداء اور ہر اس محب وطن پاکستانی کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے جذبہ حب الوطنی کی خاطر ملک کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ مہمان خصوصی نے شہداء پاکستان کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی ترقی اور کامرانی کیلئے دعا بھی کی۔ بعدازاں مہمان خصوصی نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں میں ونر اور رنر ٹرافی کے علاوہ فاتح ٹیم کے عبدالواسع کو مین آف دی میچ ایوارڈ اور دیگر کھلاڑیوں میںانفرادی انعامات تقسیم کئے۔