قومی ہاکی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کرادی گئی

پی ایچ ایف سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے قومی ہاکی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کرادی گئی، فٹنس ٹیسٹ کی مفصل رپورٹ چیئر مین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جنویئر، ہیڈ کوچ اولمپین خواجہ جنید اور فٹنس ٹرینر قومی ہاکی ٹٰیم عابد امین نے سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف کے حوالے کی جوکہ آئیندہ ہفتہ صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کو حتمی منظوری کے لئے بھجوائی جائیگی،


تفصیلات کے مطابق  پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے کھلاڑیوں کے چناؤ اور انکو کیٹیگرائز کرنے کے لئے 32 کھلاڑیوں کے دوروزہ فٹنس پرفارمنس ٹیسٹ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں مکمل ہونے کے بعد قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اولمپین منظور جونیئر نے ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم اولمپین خواجہ جنید اور فزیکل ٹرینر قومی ہاکی ٹیم عابد امین کے ہمراہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر مشتمل مفصل رپورٹ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ کو جمع کرادی ہے۔ رپورٹ میں کھلاڑیوں کے دو روزہ کیمپ میں لئے گئے فزیکل اور سکل ٹیسٹوں پر کارکردگی، انکی جسمانی استعداد اور کھیل کی مہارتوں پر عبور سے متعلق تفصیلات اور کارکردگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔


ہیڈ کوچ اولمپین خواجہ جنید اور فزیکل ٹرینر عابد امین نے چیئرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر کے ہمراہ اس دوروزہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا بغور جائزہ لیا ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے مرتب کردہ خصوصی فزیکل فٹنس ٹیسٹ کے مراحل وار نتائج میں کھلاڑیوں کو انکی کارکردگی کے حساب سے کیٹیگرائز کیا جائیگا، اور صرف اہل کھلاڑیوں کو ہی سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بننے کا موقع ملے گا۔

سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کی جانچ ماہانہ بنیادوں پر ہوگی، ٹاپ 20 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ آفر کئے جائینگے، سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کو بالحاظ پرفارمنس اے ،بی اور سی کیٹیگری میں رکھا جائیگا، اے کیٹیگری کھلاڑی کو پچاس ہزار،بی کیٹیگری کو 40ہزار اور سی کیٹیگری کو 30 ہزار روپے ملیں گے۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی رپورٹ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ حتمی منظوری کے لئے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کو بھجوائیں گے جس کے بعد باصلاحیت اور اہل کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ ہونگے

error: Content is protected !!