نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورمایہ ناز بیٹسمین سارو گنگولی نے کہا ہے کہ کرکٹ برصغیرمیں ایک تہوار کی طرح ہے اور میں جب بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہا تھا تو برصغیرمیں کرکٹ کے حوالے سے شائقین کا جنون دیکھ حیران رہ جاتا تھا، اپنے ایک لکھے گئے کالم میں گنگولی لکھتے ہیں کہ جب میں بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہا تھا تو شائقین کا جنون دیکھ کر حیران رہ جاتا تھا
برصغیر کے شائقین کرکٹ سے جنون کی حد تک پیارکرتے ہیں اورہار جیت کے حوالے سے بھی بہت زیادہ جذباتی ہیں، گنگولی لکھتے ہیں کہ میں اکثر سچن ٹنڈولکر سے کہا کرتا تھا کہ وہ میچ کی پہلی گیند کا سامنا کریں کیونکہ میدان میں اس قدر شورہوتا تھا کہ میں خود کو دبائو میں محسوس کرتا تھا، گنگولی نے مزید لکھا ہے کہ کوئی بھی بین الاقوامی میچ ہو شائقین کرکٹ دو روز قبل ہی اس کے بخار میں مبتلا ہو جاتے ہیں اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کیلئے میدان میں آکر ان کیلئے خوب نعرے بازی بھی کرتے ہیں ان تمام باتوں نے برصغیرمیں کرکٹ کو ایک تہوارکی شکل دیدی ہے۔