ابو ظہبی (سپورٹس لنک رپورٹ )ایشیا کپ کے میچ میں افغانستان نے پانچ بار ایشیا کپ جیتنے والی سری لنکا کو 91رنز سے اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا ۔ پیر کوابو ظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں افغان ٹیم کی جانب سے لنکن ٹیم کو دیے گئے 250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر فلاپ ہوگئی اور افغان بولرز کا مقابلہ نہ کرتے ہوئے 41اشاریہ 2اوورز میں 158رنز پر ڈھیر ہوگئی۔لنکن ٹیم کی جانب سے تھرنگا36، پریرا28، ڈی سلوا23 اور کپتان میتھیوز 22رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، افغان بولرز کی جانب سے مجیب الرحمان، گلبدین نیب اور محمد نبی 2،2 شکار کرسکے جبکہ راشد خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔اس سے قبل افغانستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 250 رنز کا ہدف دیا، رحمت شاہ کے شاندار 72 رنز اور پریرا کے 5 وکٹ اننگز کی جان رہے۔ایونٹ کے تیسرے میچ میں افغانستان کے کپتان اصغر افغان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو افغان اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا
پہلی وکٹ پر 57رنز کی شراکت قائم کی اور حریف ٹیم کو ایک اچھا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ٹیم کی جانب سے رحمت شاہ 72، ہشمت اﷲ شاہیدی 37، احسان اﷲ 45 اور محمد شہزاد 34رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم تھیسا را پریرا 5، اکیلا دننجایا 2، ملنگا، چمیرا اور جے سوریا ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ میچ کے لیے لنکن الیون میں 3 تبدیلیاں کی گئی تھیں اور دلرون پریرا، امیلا اپونسو اور سرنگا لکمل کی جگہ شیہان جے سوریا، دشمناتھا چمیرا اور اکیلا دننجایا کو ٹیم میں شمل کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ میچ میں شکست کے بعد سری لنکا کا ایونٹ میں سفر اب ختم ہوگیا اور 20 ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان کا میچ رسمی ہوگا کیونکہ سری لنکا کے باہر ہونے سے دونوں ٹیمیں سپر 4 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گئیں ہیں۔دوسری جانب ایشیا کپ ایونٹ میں آج منگل کو بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جو بھارت کا پہلا میچ ہوگا۔