راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ) قائد اعظم کرکٹ ٹرافی تیسرے مرحلے میں ایس این جی پی ایل نے اسلام آباد کو چار روزہ میچ میں اننگز اور 307 رنز سے ہرا دیا، پی ٹی وی نے راولپنڈی کے خلاف دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 215 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 62 رنز درکار ہیں اور اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں۔ ڈائمنڈ کلب گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے روز ایس این جی پی ایل نے پہلی اننگز 591 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی، اسد شفیق 221 اور محمد رضوان 109 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اسلام آباد نے 483 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی اس کے بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی، سرمد بھٹی کے سوا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 176 رنز پر ڈھیر ہو گئی
سرمد بھٹی 67 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے لیکن دوسرے اینڈ پر کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا، اسد علی، عزیز اﷲ اور محمد حفیظ نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں پی ٹی وی نے راولپنڈی کے خلاف فالو آن کے بعد دوسری اننگز شروع کی تو اس نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک 6 وکٹوں پر 215 رنز بنا لئے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 62 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں، محمد وقاص 81 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان سعود شکیل 42 اور تیمور خان 16 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، سعد الطاف نے 3 اور توثیق شاہ نے 2 وکٹیں لیں۔