کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)تھائی لینڈ کےTirawat Kaewsiribanditنے چیف آف نیول اسٹاف اوپن ایشین ٹور گالف چیمپئن شپ 2018کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔کراچی (14اکتوبر 2018): چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن ایشین ٹور گالف چیمپئن شپ 2018کی اختتامی اور تقسیم انعامات کی تقریب آج کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے Tirawat Kaewsiribandit نے مقابلے کے آخری دن 12انڈر پار کے اسکور کے ساتھ چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن ایشین ٹور گالف چیمپئن شپ 2018جیت لی۔مہمان خصوصی ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اُن کو فاتح کی ٹرافی اور 54,000ڈالرز کی انعامی رقم دی۔ چار روزہ چیمپئن شپ 11تا14اکتوبر کھیلی گئی جس میں پروفیشنل گالفرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مختلف ممالک بشمول آسٹریا، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، چین، برطانیہ، بھارت، انڈونیشیا، آئر لینڈ ، ملیشیا، فلپائن، سربیا، سنگاپور، اسپین، سویڈن، تھائی لینڈ، وینزویلااور امریکہ کے 60 سے زائد گالفرز نے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ تھائی لینڈ کےSuradit Yongcharoenchai، Tirawat Kaewsiribandit،Namchok Tantipokhakul، Nattawat Suvajanakorn اوروینزویلا کے Wolmer Murillo شرکت کرنے والے بین الاقوامی گالفرز کی رینکنگ میں پانچ ٹاپ گالفرز ہیں۔
اس چار روزہ چیمپئن شپ میں 70 سے زائد قومی گالفرز نے شرکت کی۔ شرکت کرنے والے قومی گالفرز میں سے محمد شبیر اقبال، مطلوب احمد، محمد منیر، محمد اشفاق، وحید بلوچ اور حمزہ امین ٹاپ رینکنگ گالفرز ہیں۔ 11سال بعد منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی مقابلے کی کُل انعامی رقم 300,000امریکی ڈالر مختص کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں ہول ان ون کا کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی کے لیے ٹویوٹا فورچونر کار جبکہ دوسرے کھلاڑی کے لیے 600ccسوزوکی ہیوی موٹر سائیکل بطور انعام رکھی گئی تھیں جو کہ کوئی کھلاڑی نہ جیت سکا ۔
تھائی لینڈ سے ہی تعلق رکھنے والے Jakhrapan Premsirigornاور Namchok Tantipokhakul نے 11انڈر پار کے اسکور کے ساتھ ٹورنامنٹ میں مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان کے محمد منیر 10انڈر پار کے اسکور کے ساتھ مقابلے میں چوتھی پوزیشن پر رہے۔ کراچی گالف کلب کے نائب صدر محترم حسین ہارون، ایشین ٹور کے ٹورنامنٹ ڈائیریکٹر انہو پارک، UMA کے چیف ایگزیکٹو سہیل شمس(لیڈ اسپانسر) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انتھک محنت پر تمام منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
بین الاقوامی گالفرز نے بہترین انتظامات اور مہمان نوازی پر پاک بحریہ اور پاکستان گالف فیڈریشن کی حوصلہ افزائی کی اور کراچی گالف کلب کے خوبصورت سبزہ زار میں جلد واپس کھیلنے کی امید کا اظہار کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔تقریب میں مسلح افواج کے اعلی ٰ حکام، نمایاں سول شخصیات اورقومی گالفرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔