اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی نے سنتھ جے سوریا کو کرپشن الزامات میں اینٹی کرپشن کی دو شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے اور انہیں 14دن کے اندر جواب جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق جے سوریا پر الزام ہے کہ انہوں نے میچ فکسنگ کے سلسلے میں آئی سی سی سے تعاون نہیں کیا گیا اور اس حوالے سے معلومات بھی چھپائیں۔ماضی میں دو مرتبہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر کی ذمے داریاں انجام دینے والے جے سوریا پر الزام ہے کہ جب گزشتہ ہفتے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ ایلکس مارشل کے دورہ سری لنکا کے دوران ان سے کرپشن پر تحقیقات میں مدد کی درخواست کی گئی تو انہوں نے منع کردیا۔ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بغیر کسی ٹھوس وجہ کے اینٹی کرپشن یونٹ سے تعاون کرنے سے انکار کیا اور تفتیش میں تعاون کی اینٹی کرپشن یونٹ کی درخواست پر صحیح اور مکمل معلومات و دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہے۔آئی سی سی کے مطابق سابق سری لنکن کپتان نے تفتیش میں رکاوٹ بننے کی کوشش کی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ان پر تفتیش سے متعلق ایسی معلومات یا دستاویز کو چھپانے، تبدیل کرنے یا ضائع کرنے کا الزام ہے جو ثبوت تک رہنمائی کرے اور غلط اقدامات کے حوالے سے ثبوت کی کھوج میں مددگار ہو۔یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ ٹی وی نے کرکٹ میں کرپشن کے حوالے سے ایک اسٹنگ آپریشن کی تھا جس پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔