مسقط(سپورٹس لنک رپورٹ) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور جاپان کی ٹیموں کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا، پاکستانی ٹیم میچ ڈرا کرنے کے باوجود سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی، دونوں ٹیموں نے پہلے ہاف میں گولز داغے تھے، دوسرے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ بدھ کو اومان میں جاری ایونٹ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان زبردست مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا، میچ کے 11ویں منٹس میں جاپانی کھلاڑی کیٹوزاٹو نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، 25ویں منٹس میں پاکستان کے مبشر علی نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہا
دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی، اسطرح دونوں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔ میچ ڈرا کھیل کر پاکستانی ٹیم نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا، پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا پانچواں اور آخری میچ (آج) جمعرات کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی، اس سے قبل کھیلے گئے میچز میں پاکستان نے دو جیتے اور ایک ڈرا کھیلا جبکہ ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔