کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ورلڈ گروپ کے زیر اہتمام سکسٹین اسٹار گراؤنڈ، ایف بی ایریا کی سرسربز فیلڈ پر لیثررلیگس اسکول اینڈ اکیڈمیز چمپئن شپ کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی میچ اینگلو گورنمنٹ بوائز سیکینڈری اسکول اور سکسٹین اسٹار اکیڈمی گرین کے مابین کھیلا گیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد سکسٹین اسٹار اکیڈمی گرین نے حریف ٹیم پر 1-0کی برتری حاصل کرکے ایونٹ میں اپنا فاتحانہ آغاز کیا۔اینگلو گورنمنٹ اسکول کے اسپورٹس ہیڈ سلیم میمن نے بحیثیت مہمان خصوصی گیند کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا رسمی افتتاح کیا۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں ورلڈ گروپ اور ٹرنک والا فیملی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے گراس روٹ لیول سے فٹبال کی ترقی کا بیڑا اٹھایا ہے ۔بدقسمتی سے ہمارے ملک میں اس سطح پر کام نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے ہمارا بڑا ٹیلنٹ ضائع ہوجاتا ہے ۔ چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا کی اس کوشش کو نہ صرف ہم سراہتے ہیں بلکہ ان کی سرپرستی میں اس کا م کو آگے بڑھانے کیلئے بھی ان کے شانہ بشانہ کام کرنے کو تیار ہیں۔ سرکاری اسکولوں کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ اپنے طور پر فٹبال کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں تاہم لیثررلیگس اسکول چمپئن شپ کے انعقاد سے گراس روٹ لیول پر وسائل سے محروم فٹبالرز کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔اس موقع پرلیثررلیگس کے ایریا منیجر اور ہیڈ اسکول اینڈ اکیڈمی چمپئن شپ ریاض احمد نے مہمان خصوصی سلیم میمن کا ایونٹ میں بھرپور تعاون پیش کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر ہارون شیرازی، محمد شہزاد، ابتسام شہروز ودیگر بھی موجود تھے۔ دوسرے میچ میں ریڈ آرمی نے سکسٹین اسٹار اکیڈمی کو 2-0سے مات دی ۔ فاتح ٹیم کے کپتان شہریار اور بلال نے دونوں ہاف میں ایک ایک گول بنایا۔ تیسرے میچ میں مسلم گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول اور ٹائی ٹن فٹبال اکیڈمی کا مقابلہ مقررہ وقت میں 0-0کی برابری پر ختم ہوا۔ چوتھے اور آخری میچ میں ریڈ آرمی جونیئر اور سکسٹین اسٹار بلیو بھی مقررہ وقت میں گیند کو جال میں نہ پہنچاسکیں اور 0-0کی برابری کے ساتھ میدان سے باہر آئیں۔ ریفری نورعالم اور شہروز جبکہ میچ سپروائزر محمد شہزاد تھے۔