اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام 49 ویں قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوسرے میڈلز کی دوڑ میں پاکستان آرمی مردوں جبکہ پاکستان واپڈا خواتین کے ایونٹ میں سب سے آگے ہے، جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں جاری چیمپیئن شپ کے دوسرے روز صوبائی وزیر محمد عاطف خان مہمان خصوصی تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز، کیش ایوارڈ اور اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی، پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر، اسلام اسلام آباد اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر برگیڈیئر ریٹائرڈ سلطان محمود ستی اور قومی ہیڈ کوچ اصغر علی گل کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ کے میڈلز کی دوڑ میں پاکستان آرمی مردوں جبکہ پاکستان واپڈا خواتین کے ایونٹ میں سرفہرست ہے، مردوں میں پاکستان آرمی نے نو سونے، سات چاندی اور نو کانسی کے تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے پاکستان واپڈا چار سونے، چھ چاندی اور تین کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسرے اور پاکستان ائیرفورس ایک سونے کے تمغے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ سندھ نے ابھی ایک چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے، خواتین کے ایونٹ میں پاکستان واپڈا نے آٹھ سونے، نو چاندی اور دو کانسی کے تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے، پاکستان آرمی سونے اور چاندی کے چار، چار اور کانسی کے تین تمغوں کے ساتھ دوسری اور ہائرایجوکیش کمیشن ایک سونے اور چھ کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے،جبکہ پنجاب اور سندھ نے ابھی تک کانسی کا ایک، ایک تمغہ حاصل کیا ہے،چیمپئن شپ میں ملک بھر سے چودہ مرد اور خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان ریلوے، ہائرایجوکیشن کمیشن ، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان شامل ہیں،ایونٹ میں شریک مردوخواتین ایتھلیٹس ہائی جمپ، ٹرپل جمپ، لانگ جمپ، ہیمر تھرو، جیولین تھرو، شارٹ پٹ، ڈسکس تھرو ، میرا تھن، پاک والٹ، 20 کلو میٹر ریس، 100 میٹر دوڑ ، 200 میٹر دوڑ، 400 میٹر دوڑ، 800 میٹر دوڑ، 15 سو میٹر دوڑ اور 5 ہزار میٹر دوڑ، 4X100 میٹر ریلے، 4X400 میٹر ریلے، 100 رکاوٹوں کی دوڑ، 110 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ اور 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں، چیمپیئن شپ میں مردوں 23 اور خواتین کے21 ایونٹس میں حصہ لے رہی ہیں، خواتین میراتھن ریس میں حصہ نہیں لیں گی، چیمپئن شپ 18 نومبر تک جاری رہے گی۔