کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) قریشی ڈولفن کولٹس کے زیر اہتمام عمران مشتاق ٹی ٹوئنٹی کلر کٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں عمران مشتاق اکیڈمی نے 29رنز سے کامیابی حاصل کرکے فاتحانہ آغاز کیا۔ میزبان قریشی ڈولفن کولٹس کو 29رنز کی شکست کا داغ لگا۔ کے سی سی اے زونIIIکے صدر محمد رئیس نے گیند کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا بحیثیت مہمان خصوصی باقاعدہ آغاز کیا۔ مہمان خصوصی نے دوران خطاب شانداز ٹورنامنٹ کے انعقاد پر آرگنائزنگ سیکریٹری سید عمران اور چیف آرگنائزر محمد عارف کو دلی مبارکباد پیش کی اور کرکٹ کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔ کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنے مستقبل کو روشن بنائیں۔ اس طرح کے ٹورنامنٹ اپنا پوشیدہ ٹیلنٹ کو نمایاں کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ زونIIIہر اس کھلاڑی کو آگے بڑھائے گی جو میرٹ پر خود کو منوائے گا۔ اس موقع پر سیکریٹری زونIII، محمد یامین، خازن افضل قریشی، عباس نواز،نسیم الدین و دیگر بھی موجود تھے۔کے جی اے گراؤنڈ پر عمران مشتاق اکیڈمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں پر 180رنز جوڑے۔ خذیمہ نے 84رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سید عمران25، محسن ندیم 22، خان شاہ 14اور عمیر خان نے 12رنز کی اننگز کھیلی۔ عبید، سعید ، رحمت خان اور فیروز کے ہاتھ ایک ایک وکٹ لگی۔قریشی ڈولفن کولٹس کی جوابی اننگز 151رنز پر محدود رہی جب مقررہ 20اوورز میں انہوں نے 4وکٹیں گنوائیں۔فیروز نے 51رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے کی بھرپور کوشش کی۔شاکر 39 رنز بناسکے۔ منہاج نے 12اور علی نے 11رنز سمیٹے۔ خذیمہ نے 23رنز پر 2کھلاڑیوں کو چلتا کیا جبکہ ایس عمران، سعید رحمت نے ایک ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔