لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ نوجوان سپورٹس کیلنڈر کے مقابلوں میں جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں، نوجوانوں کو طویل عرصہ بعد صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے، کھلاڑیوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں جن سے ان کا جذبہ مزید بڑھ رہا ہے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی زیرسرپرستی سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت ہونیوالے مقابلوں میں جمعرات کے روز تحصیل لاہور سٹی کی ہینڈ بال کی گرلز اور کبڈی کی بوائز کی ٹیمیں فاتح رہیں، گورٹمنٹ کالج شاہدرہ میں بوائز کبڈی کے مقابلے ہوئے، تحصیل لاہور سٹی نے پہلی، تحصیل لاہور کینٹ نے دوسری جبکہ تحصیل ماڈل ٹائون نے تیسری پوزیشن حاصل کی
پہلے میچ میں تحصیل لاہور کینٹ نے تحصیل ماڈل ٹائون کو 20-11اور 25-11سے شکست دی، دوسرے میچ میں تحصیل لاہور کینٹ نے تحصیل لاہور سٹی کو 25-14اور 25-18سے ہرایا، ہینڈ بال گرلز کے مقابلے لاہور کالج یونیورسٹی فار وومن لاہور میں ہوئے، تحصیل لاہور سٹی فاتح رہی، تحصیل ماڈل ٹائون دوسرے اور تحصیل لاہور کینٹ تیسرے نمبر پر رہیں، پہلے مقابلے میں تحصیل لاہور سٹی نے تحصیل لاہور کینٹ کو 20-11اور 20-16سے مات دی، دووسرے مقابلے میں تحصیل ماڈل ٹائون نے تحصیل لاہور سٹی کو 20-17اور 20-15سے شکست دی۔
پنجاب بھر کی تحصیلوں میں کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں، تحصیل خوشاب نے بوائز انٹر تحصیل والی بال ٹائیٹل جیت لیا، مقابلوں میں قائدآباد، خوشاب، نور پور اور نوشہرہ کی ٹیموں کے 48کھلاڑیوں نے حصہ لیا، تحصیل پاکپتن نے بوائز انڈر 16انٹر تحصیل کبڈی ایونٹ جیت لیا، پاکپتن نے فائنل میں عارف والہ کو شکست دی، تحصیل ظفر وال نے تحصیل نارووال کو ہراکر انٹر تحصیل بوائز بیڈ منٹن مقابلے جیت لئے، مقابلوں میں 15کھلاڑیوں نے حصہ لیا
جن میں نارووال، ظفر وال اور شکر گڑھ کی ٹیموں نے شرکت کی، تحصیل جھنگ نے احمد پور سیال کو 59 رنز سے شکست دیکر انٹر تحصیل کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا، تحصیل تونسہ شریف نے کوٹ چُھٹہ کو 2 وکٹوں سے ہرا کر انٹر تحصیل بوائز مقابلے جیت لئے، وہاڑی میں ہونیوالے مقابلے میں تحصیل میلسی نے بورے والہ کو شکست دیدی اور انٹر تحصیل بوائز کرکٹ مقابلے جیت لئے
رینالہ خورد نے اوکاڑہ کو کبڈی کے مقابلوں میں شکست دیدی، شاہ کوٹ نے سانگہ ہل ، بہاولپور نے یزمان ، شیخوپورہ نے مریدکے اور گوجرہ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کو کرکٹ میچوں میں شکست دیدی، اتھلیٹکس کے مقابلوں میں پاکپتن نے عارف والہ کو ہرادیا، بھکر میںگرلز اتھلیٹکس کے مقابلے منعقد ہوئے
100 اور 400 میٹر ریس بھکر کی آسیہ، 200 میٹر ریس دریا خان کی تاشفہ جمیل، 800 میٹر ریس منکیرہ کی جویرہ نے جیت لی، 100×4میٹر ریلے ریس میں منکیرہ تحصیل فاتح رہی
100 میٹر ہرڈل ریس میں بھکر کی آسیہ کامیاب رہیں، لانگ جمپ کے مقابلے میں بھکر کی ہی آسیہ فاتح رہیں، شاپ پٹ میں بھکر کی کنزہ کامیاب رہیں، ڈسکس تھرو میں بھکر کی شبنم نے میدان مار لیا، ہینڈ بال کے مقابلے میں تحصیل بھکر نے تحصیل دریا خان کو شکست دیدی۔