اسلام آباد ( سپورٹس لنک رپورٹ) راولپنڈی نے حیدر آباد کو شکست دے کر آل پاکستان انٹر بورڈگرلز نیٹ بال چیمپیئن شپ میں اپنے ٹائٹل کے دفاع کو برقرار رکھا جبکہ لاہور اور اسلام آباد کی ٹیمیں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہیں، مہمانان خصوصی پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان اور رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ نے چیمپیئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے، اس موقع پر راولپنڈی بورڈ انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی ڈائریکٹر سپورٹس ثوبیہ سلطانہ چوہدری، فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی ڈائریکٹر، فوزیہ معروف، ڈائریکٹر سپورٹس غلام مرتضی چیمہ، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن (ویمن ونگ) کی نائب صدر عائشہ آرائیں، پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد رضوان کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے حمیدی ہال میں راولپنڈی نے حیدر آباد کو ایک سخت مقابلے کے بعد 15-13 گول سے ہرا کر دوسری بار چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ نمرہ نے 11 گول اورمدیحہ نے 4 گول کئے جبکہ حیدر آباد کی طرف سے سوہابہ ہے 9 گول اور صنم نے 4 گول کئے، تیسری پوزیشن کے میچ میں لاہور نے اسلام آباد کو 17-11 گول سے ہرا دیا، لاہور کی جانب سے آمنہ نے 17 گول کئے جبکہ اسلام آباد کی طرف سے فریحہ نے 6 اور حامنہ نے 5 گول کئے،امپائر کے فرائض شوکت کیانی، عارف خان اور منیر اعوان انجام دیئے، چیمپیئن شپ میں سات ٹیموں نے حصہ لیا جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا گروپ اے میں دفاعی چیمپئن راولپنڈی، پشاور اور حیدرآباد جبکہ گروپ بی میں لاہور، مردان، اسلام آباد اور ساہی وال کی ٹیمیں شامل تھیں