ابوظہبی (جی سی این رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے مستقل ناقص فارم کے سبب ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔پروفیسر کے نام سے مشہور حفیظ کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ذریعے قومی ٹیم میں واپسی ہوئی اور انہوں نے سنچری اسکور کر کے سلیکٹرز کے انتخاب کو درست ثابت کر دکھایا تھا۔لیکن اس کے بعد سے انہیں مسلسل مشکلات کا سامنا تھا اور آخری 7ٹیسٹ اننگز میں صرف 66رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں جاری سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں جاری ٹیسٹ میچ حفیظ کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہے اور میچ کی دوسری اننگز میں اچھا اسکور کر کے ان کے پاس ٹیسٹ کرکٹ کا یادگار انداز میں اختتام کرنے کا نادر موقع ہے۔محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ میچوں کی 104 اننگز میں 10سنچریوں اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 3ہزار 644 رنز بنائے جبکہ اس کے علاوہ 53وکٹیں بھی حاصل کیں۔