لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب اور چین کے صوبے لیونگ نے سپورٹس ایکس چینج پروگرام کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں، ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں بدھ کے روز منعقد ہوئی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور اور چین کے صوبہ لیونگ کی چیئرپرسن ہیلینا چن نے ایم او یو پر دستخط کئے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی بھی موجود تھے، ایم او یو کے تحت دونوں ممالک سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے، ایم او یو کے تحت پاکستان کے کھلاڑی اور کوچز چین سے تربیت حاصل کریں گے جبکہ چین کے کھلاڑی اور کوچز پاکستان آکر تربیت لیں گے، پنجاب حکومت سپورٹس سکول بنانے کی بھی منصوبہ کررہی ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا کہنا ہے کہ دونوں مل کر ایونٹس بھی کروائیں گے، ایم او یو پر دستخط کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ چین ہمارا سچا دوست ہے جو ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کیساتھ کھڑا ہوا ہے
سپورٹس کی ترقی 100روزہ پلان کا حصہ ہے جس کے تحت چین کی سپورٹس میں ترقی سے استفادہ کرنے کے لئے سپورٹس ایکس چینج پروگرام کے تحت ایم او یو سائن کررہے ہیں، مفاہمت کی یادداشت کے تحت پاکستان کے روایتی کھیلوں کبڈی، دیسی کشتی ،ریسلنگ اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑی اور کوچز چین کے کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے جبکہ چین کے ماہرین اور ٹرینرز ٹیبل ٹینس، جمناسٹک اور مارشل آرٹس میں ہمارے کھلاڑیوں اور کوچز کو تربیت دیں گے، دونوں ممالک کے کھلاڑی اور کوچز ایک دوسرے کے ممالک کے دورے کریں گے، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے چین کے سپورٹس کے حوالے سے معروف صوبے لیونگ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں، یہ اقدام وزیراعظم عمران خان اور پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق ہے تاکہ سپورٹس کو زیادہ سے زیادہ ترقی دی جاسکے، چین سپورٹس کی دنیا میں اپنا اعلیٰ مقام رکھتا ہے، ہم نے چین کے تجربہ سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا جس کے تحت یہ ایم او یو کررہے ہیں، یہ بہت بڑی کامیابی ہے جس سے نئے کھلاڑی پیدا ہوں گے اور ملک کا نام روشن ہوگا، چین کا سپورٹس کا سٹرکچر بہت وسیع ہے اس سے فائدہ اٹھائیں گے اور اپنی سپورٹس کو مزید بہتر بنائیں گے، پنجاب حکومت پہلی بار سپورٹس سکول بنانے کی منصوبہ بندی بھی کررہی ہے۔
چینی وفد کی سربراہ ہیلینا چن نے کہا کہ ہم پنجاب حکومت، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی اور ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کے مشکور ہیں،ہمارے دورے کا مقصد پنجاب حکومت اور لیونگ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے، سپورٹس اور کلچرل ایکس چینج پروگرام کے تحت ایک دوسرے سے تعاون کریں گے ، سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے ترقی کے لئے اہم اقدامات کررہا ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربے سے استفادہ کریں گے۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ چین کے ساتھ ایم او یو کرنا ایک انقلابی اقدام ہے، جس سے ہمارے کھلاڑیوں کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی اور وہ عالمی مقابلوں کے لئے بھی خود کر تیار کرسکیں گے، کھلاڑیوں اور کوچز کی تربیت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مقابلے بھی منعقد کرائے جائیں گے جس سے ہماری سپورٹس ترقی کرے گی، ہمارے نوجوانوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور ان کے کھیل میں پختگی آئے گی، چین سپورٹس کی دنیا میں ٹاپ پر ہے جس کا ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیئے اور اس لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے چین کے صوبہ لیونگ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں مستقبل میں مزید آگے بڑھتے ہوئے اسے معاہدے کی شکل دیں گے۔