ڈھاکہ(سپورٹس لنک رپورٹ) بنگلہ دیشی ایمپائر تنویر احمد نے کالی آندھی کے خلاف کھیلے گئے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں غلط نو بال دینے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ میں نیا ہوں اسلئے غلطی ہو گئی، مستقبل میں محتاط انداز سے فرائض انجام دوں گا۔ تنویر احمد نے بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان ٹیم کی اننگز کے چوتھے اوور میں اوشین تھامس کی مسلسل دو گیندوں پر غلط نو بالز دیں جس کی وجہ سے ویسٹ انڈین ٹیم نے فیصلے پر شدید احتجاج کیا اور آٹھ منٹس تک میچ رکا رہا۔ یہ تنویر احمد کی بطور ایمپائر انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی آسائنمنٹ تھی۔ اپنے ایک بیان میں تنویر احمد نے کہا کہ بطور ایمپائر میرا ٹریک ریکارڈ اچھا ہے، میں انٹرنیشنل کرکٹ میں نیا ہوں اور اپنی غلطی کا اعتراف کرتا ہوں، ہر شخص کی زندگی میں اچھے اور برے دن آتے ہیں، وہ میرا برا دن تھا لیکن میں مستقبل میں محتاط انداز سے فرائض انجام دوں گا۔