اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) آل پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین نے گزشتہ چار ماہ سے پاکستان سپورٹس بور ڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی بندش پر بھرپور احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم، چیف جسٹس آف پاکستان اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ سے فوری طور پر ملازمین کی پنشن بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ پی ایس بی کے 170 ریٹائرڈ ملازمین اور بیوائیں گزشتہ چار ماہ سے پنشن کی ادائیگی سے محروم ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی ایس بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے 2008ء میں اپنے فیصلے کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ ملازمین کی پنشن کی منظوری دی تھی اور 12 سال سے ریٹائرڈ ملازمین اور بیوائوں کو پنشن مل رہی تھی جس کو گزشتہ 4 مہینوں سے پاکستان سپورٹس بورڈ انتظامیہ نے روک رکھا ہے جس پر ریٹائرڈ ملازمین اور بیوائوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے اور اس کی سب سے بڑی وجہ ڈائریکٹر جنرل کی پاکستان سپورٹس بورڈ میں عارضی تعیناتی ہے۔فرمان خان، سیکرٹری جنرل آل پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین (سی بی ای) اسلام آباد نے کئی بار پی ایس بی انتظامیہ سے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا لیکن انتظامیہ پر کوئی اثر نہ ہوا جس پر یونین نے بھرپور احتجاج کیا اور انہوں نے وزیر اعظم عمران خان، چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے فوری طور پر پنشن کی بحالی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔ یونین نے اس کے ساتھ ساتھ پی ایس بی میں مستقل ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔