لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے رحیم یار خان کے دورے کے دوسرے روز عباسیہ سپورٹس کمپلیکس اور ای لائبریری کا معائنہ کیا اور کھلاڑیوں کو فراہم کی گئی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا، دونوں افسران نے کمپلیکس میں جاری سپورٹس بورڈ پنجاب کے باسکٹ بال اور اتھلیٹکس کے تربیتی کیمپ کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس افسر محمد اشفاق و دیگر بھی موجود تھے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے کہا کہ رحیم یار خان میں سپورٹس کی سرگرمیاں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، نوجوان دلجمعی کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں
ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے سپورٹس کے فروغ اور کھلاڑیوں کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں جس کی وجہ سے گرائونڈز اور جمنزیم آباد ہورہے ہیں، نوجوان محنت اور لگن سے کھیلوں میں حصہ لیں ان کے ساتھ ہر طرح سے تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یکم جنوری سے ایک ماہ کے لئے7 کھیلوں کے کوچنگ کیمپ آف سپورٹس بورڈ پنجاب شروع ہورہے ہیں، نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں ، نوجوان اس کیمپ میں شرکت کریں ، ای لائبریری کے دورے کے دوران سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بنائی گئی ہیں، نوجوان اس سہولت سے فائدہ اٹھاکر اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں،سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے جمنزیم میں پودا بھی لگایا۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پنجاب میں سپورٹس کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے پنجاب حکومت نے خصوصی توجہ دی ہے جس کے تحت نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید اور بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب راغب کرنے کے لئے ایونٹس منعقد کروا رہا ہے، یکم جنوری سے کوچنگ کیمپ آف سپورٹس بورڈ پنجاب شروع کررہے ہیں یہ کیمپ 30جنوری تک جاری رہیں گے
ان کیمپس میں 7مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں کو ماہر کوچز اور ٹرینرز تربیت دیں گے، یہ کیمپ ان شہروں میں لگارہے ہیں جہاں ان کھیلوں میں نوجوان زیادہ دلچسپی لیتے ہیں، ان کھلاڑیوں کو ان کے اپنے شہروں میں ہی تربیت دینے کے اقدامات کئے ہیں جس سے ان کا وقت بچے گا اور کھلاڑیوں کو دوسرے شہروں میں نہیں جانا پڑے گا، کوچنگ کیمپ آف سپورٹس بورڈ پنجاب میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی، کھلاڑیوں کوکیمپ کے دوران اعزازیہ، ٹریک سوٹ، سپورٹس شرٹ اور دیگر سامان بھی دیا جائے گا
ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کو بہترین خوراک بھی دی جائے گی، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے ٹرائلز متعلقہ سپورٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی موجودگی میں لئے گئے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کے کوچز تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کے کھیل کو مانیٹر کریں گے اور جس نوجوان کا کھیل اچھا ہوگا اس کی رپورٹ دی جائے گی تاکہ اس نوجوان کے کھیل کو مزید بہتر بنانے اور مزید تربیت دینے کے انتظامات کئے جائیں۔ تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم بھی مہیا کیا جائے گا تاکہ وہ کیمپ کے حوالے سے اپنی آراء اور شکایات دے سکیں۔