کیپ ٹاؤن (سپورٹس لنک رپورٹ) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اگر ہماری ٹیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل 2یا 3پریکٹس میچز کھیلے ہوتے تو نتائج مختلف ہوسکتے تھے ۔ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 9وکٹوں سے شکست کے بعد سرفراز احمد کاکہنا تھا کہ ہم نے پہلی اننگز میں زیادہ رنز نہیں بنائے،اگر 250سے300رنز تک بنالیتے تو شاید آخری اننگز میں ہمیں فائدہ ہوسکتا تھا کیوں کہ چوتھی اننگز میں بھی یہ پچ فاسٹ باؤلرز کو مدد دے رہی تھی ، اگر آپ ایک ہی سیشن میں پانچ وکٹیں گنوا دیں تو پھر آپ کا میچ میں واپس آنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے لیکن ہمارے بلے بازوں نے جس طریقے سے تیسرے دن کے دوسرے سیشن میں بیٹنگ کی اسی طرح آپ ٹیسٹ کرکٹ میں سیکھتے ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں ہمیں ٹیسٹ سے سیریز سے پہلے دو سے تین پریکٹس میچز کھیلنے چاہیے تھے جو ہمارے لیے ایک آئیڈیل سچوئیشن ہوتی تاہم ہمیں صرف ایک پریکٹس میچ کھیلنے کو ملا ،ہمار ے بلے بازوں نے اس ٹیسٹ میں بہادری دکھائی اور امید ہے کہ جوہانسبرگ ٹیسٹ میں ہمیں اس کا فائدہ ہوگا ۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پہلے روز سے ہی جنوبی افریقا کا پلڑا بھاری رہا اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 177 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد 431 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا اور پہلی ہی اننگز میں 254 رنز کی برتری حاصل کرلی جس کے جواب میں قومی ٹیم 294 رنز پر آؤٹ ہوئی، مہمان ٹیم کی جانب سے اسد شفیق 88، بابراعظم 72 اور شان مسعود 61 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ رک سکا۔کھیل کا چوتھا روز شروع ہوا تو میزبان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 41 رنز درکار تھے اور ان کی تمام 10 وکٹیں ابھی باقی تھیں، ہدف کے تعاقب میں پروٹیز نے صرف ایک وکٹ گنوائی جو محمد عباس کے حصے میں آئی۔