کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زونIVکے زیر اہتمام منعقدہ دوسرافضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاک جیم خانہ نے فیورٹ ملیر جیم خانہ کو 10رنز کی اپ شکست سے دوچار کرکے فائنل کا ٹکٹ اپنے نام کرلیا۔یاسر مشتاق نے 104رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل تک رسائی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ عثمان عثمانی کی 3وکٹیں بھی کارامد رہیں۔ ناکام سائیڈ کے ذیشان حیدر اوردانیال احسن نے نصف سنچریاں بنائیں اور تیسری وکٹ پر 104رنز کی شراکت قائم کرکے بھرپور مزاحمت کی۔ کہف پٹیل اور محمد اسد کی 3,3وکٹیں بھی کام نہ آسکیں۔ پاک اسٹار گراؤنڈ پر پاک جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 35اوورز میں 8وکٹوں پر 234رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔یاسر مشتاق نے 104رنز کی شاندار اننگز تراشی جو 16چوکوں اور ایک چھکے سے سجی تھی۔ ولید احمد کے 38رنز میں 3چوکے ، کمیل عباس کے 31رنز میں 4چوکے اور فیصل امین نے 3چھکوںکی مدد سے 23رنز سمیٹے۔کہف پٹیل کو 16رنز اورمحمد اسد نے 34رنز کے 3,3وکٹیں اپنے نام کیں۔ ملیر جیم خانہ کی جوابی اننگز 33.3اوورز میں 224رنز پر تمام ہوگئی۔ ذیشان حیدر نے 82رنز کی عمدہ اننگز میں 7چوکے اور ایک چھکا جبکہ دانیال احسن کے 73رنز 9چوکوں کی مرہون منت تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ پر 104رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ محمد وقاص نے 20رنز میں 2چوکے لگائے۔ عثمان عثمانی نے 26رنز کے عوض 3حریف بلے بازوں کو پویلین روانہ کیا۔ اسامہ صدیقی اور انور خان نے 2,2وکٹوں پر اکتفا کیا۔قبل ازیں پاک جیم خانہ نے کوارٹر فائنل میں فالکن اسپورٹس کو 162رنز کی شکست کا داغ لگایا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاک جیم خانہ نے مقررہ 35اوورز میں 8وکٹوں پر 231رنز جوڑے۔فیصل امین 55رنز میں 4چھکے اور 4چوکے لگانے میںکامیاب رہے۔ انور خان کے 44رنز 5چوکوںاور2چوکوںکی مدد سے بنے۔کمیل عباس نے 33رنز میں 5چوکے اور ایک چھکا لگایا۔فالکن اسپورٹس کی ٹیم ولید احمداورزین جاوید کی تباہ کن بولنگ کے سامنے 16.4اوورز میں 69رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ حارث خان 24اور قاضی حفیظ کے 23رنز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ ولید احمد نے 17رنز پر 5کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جبکہ زین جاوید نے 14رنز پر 4کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔