فیصل آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے نظام کے تحت قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا آغاز کردیا جہاں خیبرپختونخوا (کے پی) کی ٹیم نے بلوچستان کو 7 وکٹوں سے زیر کرکے ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جارہے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے میچ میں کے پی کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر بلوچستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بلوچستان کی جانب سے امام الحق اور اویس ضیا کی مضبوط جوڑی نے اننگز کا آغاز کیا اور 8 اوورز میں 65 رنز بنائے۔کے پی کی باؤلنگ کے سامنے بلوچستان کی مضبوط بیٹنگ ایک اچھے آغاز کے بعد لڑکھڑا گئی اور بڑا اسکور ترتیب دینے میں ناکام ہوئی۔حارث سہیل اور حسین طلعت جیسے بلے باز صفر پر آوٹ ہوئے، عمران فرحت صرف 16 رنز بنا سکے اور امام الحق کی ایک اچھی اننگز بھی ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو پار نہ لگا سکی۔
امام الحق نے 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر 70، اویس ضیا نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 31 رنز بنائے جس کے بعد عمران فرحت 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔محمد محسن کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے بلوچستان کے 7 بلے باز دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرپائے اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 140 رنز بنا سکی۔باؤلنگ میں کے پی کے محمد محسن نے سب سے زیادہ 4 اور عثمان شنواری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ایک آسان ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور صاحب زارہ فرحان نے 58 رنز کا پراعتماد آغاز کیا تاہم حارث سہیل نے صاحب زادہ فرحان کی اننگز کو 14 رنز پر تمام کردیا۔یاسر شاہ نے 45 رنز بنانے والے فخرزمان کو عمران فرحت سے کیچ کروایا جس کے بعد عادل امین اور کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو جیت کے قریب لایا۔عادل امین 21 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کے پی کا اسکور 140 رنز تھا اور جیت کے لیے صرف ایک رن درکار تھا۔کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارنہ انداز اپنایا اور 27 گیندوں پر 31 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔شان دار باؤلنگ پر محمد محسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔