کراچی (اسپورٹس رپورٹر) دوسرے سوکا ورلڈ کپ کے گروپ ’ایچ ‘ میں پاکستان کواپنے پہلے میچ میں سلووینیا کے ہاتھوں 5-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کیخلاف عمدہ کھیل پیش کیا ۔ شہاب رضا، کریم کیرائے، محمد علی اور حبیب الرحمن نے دوران میچ گول کرنے کے یقینی مواقع گنوائے۔ یونا ن کے شہر کریٹ کے دی لیثررلیگز اسٹیڈیم ریدیمنو کی آسٹروٹرف پر گروپ ’ایچ ‘ میں کھیلے گئے میچ میں سلوینیا نے گول کرنے کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جبکہ پاکستان برق رفتار کھیل پیش کرنے کے باوجود یقینی مواقع سے فائدہ نہ اٹھاسکا۔ 6ویں منٹ میں الیکس مالیوجیوک نے سلووینیا کو پہلے برتری دلائی جسے 12ویں منٹ میں جورے کینڈار نے ڈبل کردیا۔وقفہ پر پاکستان کی ٹیم 2-0کے خسارے میں تھی۔ تاہم 23ویں منٹ میں پاکستانی مڈ فیلڈر محمد علی نے میچ کا خوبصورت ترین گول اسکور کیا جب 30گز کی دوری سے زور دار کک کے زریعہ گیند کو جال کے سپرد کرکے اسکور 2-1کردیا ۔
اگلے ہی منٹ اینڈراز سیپک نے اپنی ٹیم کا تیسرا گول اسکورکیا۔ 27ویں منٹ میں نیون گرانے چوتھا جبکہ جورے کینڈار نے انفرادی دوسرا اور مجموعی طور پر پانچواں گول اسکور کرکے سلووینیاکو 1-5کی کامیابی کے ساتھ میدان سے باہر لائے۔گروپ ’ایچ ‘ میں دفاعی چمپئن جرمنی کو ہنگری کے ہاتھوں 1-3کی اپ سیٹ شکست کا سامنا رہا ۔ بی بوگنر نے مقابلے کے تینوں گول اسکور کرکے ہیٹرک بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ گروپ ’ایچ ‘ میں سلووینیا اور ہنگری کے 3,3پوائنٹس ہیں۔تاہم سلووینیا کو گول اوسط پر سبقت حاصل ہے۔