لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) دورہ آسٹریلیا کیلئے سینئر کھلاڑیوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کو منتخب نہ کرنے کا فیصلہ، ورلڈکپ کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا، کوچ مصباح الحق کا آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے بھی موقع نہ دینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے سینئر آلرانڈرز شعیب ملک اور محمد حفیظ کو قومی ٹیم میں شامل کر لیا جائے گا۔تاہم اب ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ بلکہ مصباح الحق نے دونوں سینئر کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے منتخب نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔جبکہ دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے دورئہ آسٹریلیا سے قبل ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے صوبائی کوچز سے ابتدائی مشاورت کا عمل مکمل کرلیا، سابق کپتان نے فیصل آباد میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلیے اپنی ٹیموں کے ساتھ موجود کوچز سے کرکٹرز کی فٹنس اور ڈسپلن رپورٹس پر تبادلہ خیال کیا، مصباح الحق ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ اسکواڈز کا اعلان کرنے سے قبل دوبارہ مشاورت کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے اسکواڈ میں شمولیت کیلیے عابد علی، امام الحق اور سمیع اسلم کے نام زیر غور ہیں تاہم سلمان بٹ کو ایک بار پھر نظر انداز کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی میں ایک حلقہ ان کی واپسی کے حق میں نہیں، عثمان صلاح الدین اور سعد کو بھی موقع دیے جانے کا امکان ہے، عدنان اکمل کا نام بھی ٹیسٹ اسکواڈ کیلیے زیر غور ہے، تاہم دورے کیلیے بولرز کا انتخاب ٹیم مینجمنٹ کیلیے درد سر بنا ہوا ہے۔حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس کی فٹنس پر تاحال کام جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق چاہتے ہیں کہ محمد عامرٹیسٹ کرکٹ میں واپس آ جائیں،ان کی پیسر سے بات بھی ہوئی ہے۔دوسری جانب بولنگ کوچ وقار یونس نے ایک انٹرویو میں واضح کیاکہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی طویل فارمیٹ میں واپسی کا امکان نہیں،وہ ممکنہ فاسٹ بولنگ آپشنز راحت علی، محمد موسی، بلاول بھٹی، محمد عرفان، ثمین گل اور عمران خان سینئر کی رپورٹس کا جائزہ لیں گے۔محمد حسنین کی پیس پاور کو استعمال کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور ہونے لگا۔آسٹریلیا میں کھیلنے کا تجربہ دیکھتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے عثمان قادر کا نام بھی لیا جا رہا ہے،ظفر گوہر، محمد عرفان اور زاہد محمود بھی ابتدائی فہرست میں موجود ہیں۔