کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ ) سری لنکا کرکٹ بورڈ نے منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار فاسٹ بولر شیہان مدوشانکا کی کرکٹ کی تمام سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی۔ 2 روز قبل سری لنکن پولیس نے پننالا کے علاقے میں ایک سڑک پر معمول کی تلاشی کے دوران شیہان کے پاس سے 2 گرام منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
سری لنکن قومی کرکٹ ٹیم کے 25 سالہ رکن شیہان مادوشناکا جنہوں نے 2018ء میں اپنے ڈیبیو میچ میں ہیٹ ٹرک سکور کی تھی، کو مجسٹریٹ نے دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں دے دیا تھا۔ کرکٹ سری لنکا کے مطابق منشیات کیس کی مکمل انکوائری تک مدوشانکا کرکٹ کی کسی بھی قسم کی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔شیہان مادوشناکا نے بنگلہ دیش کیخلاف صرف 2 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں، انجریز کے باعث تاحال وہ کوئی ایک روزہ میچ نہیں کھیل سکے۔ سری لنکا جلد ہی ملک بھر میں نافذ کرفیو میں نرمی کرے گا تاہم اب تک پولیس کی جانب سے پابندیوں کی خلاف ورزی پر 65 ہزار افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔