پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی کہ اگلے سال پاکستان سپرلیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے بعض میچز کا پشاور میں انعقاد کو ممکن بنایا جا سکے ، جس کیلئے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم پشاور میں ضروری تعمیراتی کام اور درکار سہولیات کی فراہمی پر کام جاری ہے اوراگر حالات سازگار ہو ئے تو تیاریاں بروقت مکمل ہوسکیں گی۔ پیر کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز محکمہ کھیل کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں اگلے سال پشاور میں پی ایس ایل کے بعض میچز کے انعقاد کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں اس سلسلے میں ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں ضروری تعمیراتی کاموں اور درکار سہولیات کی فراہمی پر کام جاری ہے تاہم کورونا کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کی رفتار متاثر ہوئی ہے ۔ ان تعمیراتی کاموں کی تکمیل میں چھ سے سات مہینے کا وقت لگے گا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر، سیکرٹری ٹوارزم اینڈ سپورٹس خوشحال خان ، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات اعجاز حسین انصاری، اسپیشل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ مسعود یونس ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک کے علاوہ محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اس سلسلے میں ایک مربوط لائحہ عمل کے تحت نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ سپورٹس اور مواصلات کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پشاور میں اگلے پی ایس ایل میچز کے انعقاد کو ممکن بنانے کے لئے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی بروقت تکمیل اور دیگر درکار سہولیات اور ضروریات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کیجائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں درکار فنڈز کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔