کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)کراچی میں جاری قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میچ میں کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف کے لیے مقررہ ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر خیبرپختونخوا کے کامران غلام پر میچ فیس کا40 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔
کامران غلام پر سندھ کے خلاف میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ واقعہ خیبرپختونخوا کی پہلی اننگز کے 57ویں اوور کی تیسری گیند پر پیش آیا جب کامران غلام نے سہیل خان کی گیند پرامپائر کی جانب سے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ دئیے جانے کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
آن فیلڈ امپائرز قیصر وحید اورثاقب خان نے کامران غلام کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.8 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔
کامران غلام کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری ندیم ارشد نے کامران غلام پر جرمانہ عائد کردیا۔