کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل اسٹیڈیم میں جاری قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلا س کے فائنل کے تیسرے روز خیبر پختونخواہ نے سنٹرل پنجاب کے خلاف اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو خیبر پختونخواہ نے 5 وکٹوں پر 243 رنز بنا کر 286 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
تیسرے روز کھیل کی خاص بات خیبر پختونخواہ کے بیٹسمین کامران غلام کی ناقابل شکست سنچری ہے وہ 104 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں ۔ انہوں نے اب تک 203 گیندوں کا سامنا کیا ہے جبکہ 15 چوکے اور ایک چھکا لگایا ہے اپنی شاندار اننگز کے دوران کامران غلام قائد اعظم ٹرافی کے ایک سیزن کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔ کامران غلام کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین خالد عثمان ہیں جنہوں نے 14 رنز بنائے ہیں ۔ خیبر پختونخواہ کی دوسری اننگز میں دو وکٹیں 33 رنز پر گر چکی تھیں اسرار اللہ اور کامران غلام نے ٹیم کو سنبھالا ۔ فخر زمان 4 ، اسرار اللہ 63 ، ریحان آفریدی 1 عادل امین 34 اور ذوہیب خان 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے وقاص مقصود نے دو ، بلاول اقبال اور قاسم اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز 212 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی اور 83 اوورز میں 257 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈیکلئیر کر دی گزشتہ روز کے 35 رنز پر ناٹ آؤٹ بیٹسمین قاسم اکرم نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین احمد صفی عبداللہ صفر پر ہی پویلین واپس لوٹ گئے ۔قاسم اکرم کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین وقاص مقصود تھے جنہوں نے 20 رنز بنائے ۔ خیبر پختونخواہ کی جانب سے عرفان اللہ شاہ نے 4 ، خالد عثمان نے 3 جبکہ ارشد اقبال اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی