قائد اعظم ٹرافی، کامران غلام کی تاریخ ساز کامیابی 37 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا


کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)خیبر پختونخواہ کے کامران غلام نے اتوار کو سنٹرل پنجاب کے خلاف فائنل کے تیسرے روز قائد اعظم ٹرافی کی اس وقت نئی تاریخ رقم کر دی جب وہ ایک ہی سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ۔


‏ انہوں نے یہ اعزاز تیسرے روز کے تیسرے سیشن میں دوسری اننگز میں جب 77 واں رنز لیا تو حاصل کیا ۔


‏ کامران غلام نے سیزن کی پانچویں سنچری اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ۔
‏ کامران غلام نے سعادت علی کا 37 سالہ پرانا 1217 رنز کا ریکارڈ توڑا ۔ انہوں نے یہ ریکارڈ84-1983 کے سیزن میں بنایا۔


‏ کامران غلام کے لیے رواں سیزن غیر معمولی رہا ہے ۔ آج کے کھیل کے اختتام تک کامران غلام 65.53کی اوسط سے 1245 رنز بنا چکے ہیں۔


‏تاریخی موقع پر پی سی بی سے گفتگو کرتے ہو ئے کامران غلام نے کہا کہ میرے لیے یہ سیزن بڑا غیر معمولی رہا ہے ۔ میں اپنے ساتھیوں اور کوچز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے سیزن میں میری کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔


‏انہوں نے کہا کہ میں اپنی فیملی کا بھی شکر گزار ہوں ۔ فیملی کے تعاون کے بغیر میرے لیے یہ ممکن نہیں تھا کیونکہ چار ماہ سےزائد عرصہ گھر سے دور رہنا پڑا۔


اس سیزن کی وجہ سے مجھے بہت اعتماد ملا،مجھے اپنی کاکردگی پرپہلے سے زیادہ یقین حاصل ہوا ہے۔ عبدالرزاق جیسے مایہ ناز کوچ نے میری کارکردگی کو بہتر بنانے میں بہت مدد کی اور اب میرا مقصد ہے کہ میں اس کو اور بہتر کروں۔


میرا مقصد اپنے آپ کو مزید بہتر کرنا ہے تاکہ میں اس سے بھی بڑے مقام پر پاکستان کی نمائندگی کرسکوں۔


کامران غلام نے 2013 میں انڈر 19 میں پاکستان کی نمائندگی کی،انہوں نے اپنے انڈر 19 کے 19 میچوں میں 48.83 کی اوسط سے 586 رنز بنائے تھے اس کے علاوہ بائیں بازو سے اسپن بالنگ میں 26.21 کی اوسط سے 19 شکار بھی کئے تھے۔


کامران غلام نے 14-2013 سیزن میں شروع ہونے والے اپنے سات سالہ فرسٹ کلاس کیرئیر میں اب تک9سنچریوں کی مدد سے 2409 رنز بنائے ہیں اور 25 وکٹیں بھی حاصل کی ہوئ ہیں۔

error: Content is protected !!