لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی کی صدارت میں جمعہ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب فواد ہاشم ربانی، ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس ،ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈُپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ، پی ایم یو کے افسران ودیگر نے شرکت کی،اس موقع پرصوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے محکمہ سپورٹس اینڈیوتھ افیئر کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح کیا ،
اجلاس میں میانوالی سپورٹس کمپلیکس، سپورٹس پالیسی، انٹر ڈویژن گیمز سمیت دیگر امور کا جائزہ لیاگیا، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ کے لئے کورونا وباء سے بچائو کیلئے حکومتی ایس او پیز کے تحت انٹر ڈویژن گیمز کا انعقاد6 سے 8 جنوری تک لاہور میں کررہا ہے ، انٹر ڈویژن گیمز کے انعقاد سے گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سپورٹس کو دینے کے فروغ کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں سپورٹس کے انفراسٹرکچر کو وسیع کیا جا رہا ہے
پنجاب میں 20 تحصیل سپورٹس کمپلیکس کا تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، میانوالی سپورٹس کمپلیکس بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، وزیر اعظم عمران خان جلد میانوالی سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کریں گے،کمپلیکس میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال، باسکٹ بال، اوپن جم، یوتھ ہاسٹل، ہال آف فیم، ای سپورٹس سینٹر کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، میانوالی، پپلاں، قمر مشانی میں کرکٹ گراؤنڈز کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے ضلع میانوالی کے نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید اور بہترین سہولیات میسر ہوں گی جس سے سپورٹس کو فروغ ملے گا
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی پہلی سپورٹس پالیسی محکمہ قانون اور فنانس کو بھیجی جاچکی ہے، سپورٹس پالیسی جلد کابینہ کو منظوری کے لئے پیش کردی جائیگی، اجلاس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کا بورڈ اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ کیا گیا، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں جس سے کھلاڑیوں اور پھر ویٹرن کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا، سپورٹس منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے جن کو مقررہ مدت میں مکمل کرلیا جائے گا
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اجلاس کو بتایا کہ انٹر ڈویژن گیمز کی بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں، صوبہ بھر سے آنے والے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے، انٹرڈویژن گیمز میں ہر شہر کے کھلاڑی کو موقع فراہم کیا جا رہا ہے کہ وہ آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں۔