لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے بڑا اعلان کیا ہے، جمعہ کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب ہر ماہ ایک کھیل کی صوبائی سطح پر چیمپئن شپ کرائے گا، ہرچیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا جس کو مزید تربیت دے کر قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لئے تیار کریں گے، رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ نیا ٹیلنٹ تلاش کرکے سپورٹس کو فروغ دے رہے ہیں،وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں سپورٹس کلچر فروغ پا رہا ہے،25جنوری سے شروع ہونیوالی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ اسی سلسلہ کی کڑی ہے، چیمپئن شپ میں 9ڈویژنز کے کھلاڑی حصہ لیں گے جس کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا تعاون بھی حاصل ہے،صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ چیمپئن شپ سے سامنے آنیوالے ٹیلنٹ سے ہاکی کو فروغ ملے گا، ہاکی چیمپئن شپ میں بہت سے انعامات رکھے گئے ہیں تاکہ کھلاڑیوںکی حوصلہ افزائی ہو، ہر کھیل کے کھلاڑی کو موقع فراہم کریں گے تاکہ وہ 73ویںپنجاب گیمز 2021ء میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکیں،73ویں پنجاب گیمز 2021ء کو یادگار بنائیں گے۔