پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کے تیسرے میچ میں جی ایف ایس سندھ نے اے ٹی ایف سدرن پنجاب کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا ہے۔
سندھ نے 176 رنز کا ہدف چار گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر خرم منظور کی 49 گیندوں پر 84 رنز کی عمدہ اننگز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سندھ کا آغاز متاثرکن نہ تھا۔ اس کے دونوں اوپنرز محض 33 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ ایسے میں نیشنل ٹی ٹونٹی کی تاریخ کے سب سے کامیاب بیٹسمین خرم منظور میدان میں آئے اور ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ سے اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے پچاس رنز کی شراکت قائم کی۔سرفراز احمد 15 اور حسن محسن 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اختتامی اوورز میں انور علی اور دانش عزیز نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے سندھ کو فتح دلائی۔ انور علی نے 9 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت ناٹ آؤٹ 29 اور دانش عزیز نے 11 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 17 رنز کی اننگز کھیلی۔
سدرن پنجاب کے نسیم شاہ، عامر یامین اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر سدرن پنجاب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ذیشان اشرف اور زین عباس نے اپنی ٹیم کوپاور پلے میں 59 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ ذیشان اشرف چھ چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ زین عباس نے پانچ چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے۔
دونوں اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن کچھ لڑکھڑائی تو آلراؤنڈر عامر یامین نے 26 گیندوں پر چار چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 43 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 170 کے پار پہنچا دیا۔ انہیں محمد حسنین نے آؤٹ کیا۔
اس دوران کپتان صہیب مقصود 18، خوشدل شاہ 21، اعظم خان 20اور حسان خان 4 رنز بناکر آؤ ٹ ہوئے۔ سدرن پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔
سندھ کے محمد حسنین نے 2 جبکہ زاہد محمود، رومان رئیس، شاہنواز دھانی اور انور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔