ہوم سٹی سینٹرل پنجاب نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت جی ایف ایس سندھ کو 12 رنز سے ہرادیا۔تجربہ کار بیٹر شعیب ملک کو 47 گیندوں پر 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
سینٹرل پنجاب کی یہ نیشنل ٹی ٹونٹی میں سندھ کے خلاف پہلی کامیابی ہے۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں تین مرتبہ مدمقابل آئیں تاہم تینوں مرتبہ فتح کی دیوی سندھ پر مہربان رہی تھی۔
169 رنز کے تعاقب میں سندھ نے 14.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے تھے کہ تیز بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔اس موقع پر ڈی ایل ایس پار اسکور 122 تھا۔
شرجیل خان 36 رنز بناکر سندھ کے ٹاپ اسکورر رہے۔ انہیں اسپنر قاسم اکرم نے آؤٹ کیا۔ نوجوان اسپنر نے 4 اوورز میں 20 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
شرجیل خان نےابتدائی دو وکٹوں کے لیے خرم منظور اور شان مسعود کے ہمراہ بالترتیب 48 اور 28 رنز کی شراکت قائم کی تاہم ان کے بعد سندھ کا نیا آنے والا کوئی بھی بیٹر لمبی شراکت قائم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
خرم منظور 14، شان مسعود 12، سرفراز احمد 7، محمد طحہٰ 8 اور انور علی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سعود شکیل 14 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔
ثمین گل نے 15 رنز دے کر 2 اور وہاب ریاض نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان بابراعظم سمیت اس کی ابتدائی دو وکٹیں محض 29 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گریں جب بابراعظم 12 اور محمد اخلاق 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ایسے میں سینٹرل پنجاب کی کمان ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ شعیب ملک نے سنبھال لی۔ انہوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے تو اوپنر احمد شہزاد کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 42 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا۔
اُدھر احمد شہزاد 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 35 رنز بناکر اسپنر ابرار احمد کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے تو سینٹرل پنجاب کا مڈل آرڈر مکمل طور پر فلاپ ہوگیا تاہم دوسرے اینڈ سے شعیب ملک نے تن تنہا سندھ کے باؤلرز پر چڑھائی جاری رکھی اور بالآخر سینٹرل پنجاب کو اسکور بورڈ پر ایک بڑا مجموعہ سجانے میں مدد کی۔
تجربہ کار بیٹر نے میچ کے آخری تین اوورز میں وکٹ کے چاروں اطراف چھکوں اور چوکوں کی بارش کردی۔ انہوں نے 47 گیندوں پر 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سینٹرل پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔
اس دوران شعیب ملک کو دوسرے اینڈ سے کوئی اسپورٹ نہ ملی۔ قاسم اکرم 8، حسین طلعت1، حسن علی 12، وہاب ریاض 3 اور احسان عادل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
سندھ کے رومان رئیس نے 33 رنز کے عوض 4 جبکہ ابرار احمد نے 39 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔