ایچ بی ایل نے آئندہ چار سال کے لیے پاکستان سپر لیگ کی ٹائٹل اسپانسرشپ حاصل کرلی ہے۔ پی ایس ایل کا حالیہ اسپانسر ایچ بی ایل اب 2022 سے 2025 تک بھی لیگ کا ٹائٹل اسپانسر رہے گا۔
ایچ بی ایل نے نہ صرف ریزرو پرائس سے زیادہ بلکہ گزشتہ کنٹریکٹ سے 55 فیصد زائد کنٹریکٹ ویلیو کے بعد پی ایس ایل کی ٹائٹل اسپانسر شپ حاصل کی ہے۔
ایچ بی ایل نے پبلک ٹینڈر پراسس کے تحت ٹائٹل اسپانسر کے حقوق حاصل کیے ہیں۔ سات پارٹیز نے ان حقوق کے حصول کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
رمیز راجہ، چیئرمین پی سی بی:
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل کا آئندہ چار سال کے لیے مزید پی ایس ایل کا ٹائٹل اسپانسر بننا اس کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مضبوط تعلقات کی ترجمانی کرتا ہے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ایچ بی ایل 2016 سے پی سی بی کا ایک قیمتی اور قابل بھروسہ پارٹنر ہے۔انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل کا پاکستان سپر لیگ کی ٹائٹل اسپانسرسپ کو مزید 4 سال تک برقرار رکھنا پی سی بی اور پاکستان سپر لیگ پر اس کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔
صغیر مفتی، چیف آپریٹنگ آفیسر ایچ بی ایل:
ایچ بی ایل کےچیف آپریٹنگ افیسر صغیر مفتی کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان میں کھیلوں کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ، پاکستان سپر لیگ کے ساتھ آئندہ 4 سال کے لیے بھی کنٹریکٹ برقرار رکھنے پر خوش ہے۔ اس نئے معاہدے کے تحت اب ایچ بی ایل کا پی ایس ایل کے ساتھ سفر دس سال تک کا ہوجائے گا۔