تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
آسٹریلیا کے 314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 225 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، امام الحق 103 رنز بناکر بھی اپنی ٹیم کو میچ نہ جتواسکے۔
اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس پر آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 101 اور بین مکڈر موٹ 55 رنز بناکرنمایاں رہے، ان کے علاوہ مارکس اسٹوئنس 26 ، مارنس لبوسخانے 25 اورکپتان ایرون فنچ نے 23 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور زاہد محمود نے 2،2 جب کہ افتخار احمد اور خوشدل شاہ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اتنا اچھا نہ رہا، اوپنر فخر زمان 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم پہلی وکٹ گرنے کے بعد کپتان بابر اور امام الحق کے درمیان 96 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
ٹیم کا مجموعی اسکور 120 رنز پر پہنچا تو بابر 72 گیندوں پر 57 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ سعود شکیل صرف3 رنز بناسکے۔
ایک طرف سے پاکستانی ٹیم کی وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری جانب سے امام الحق نے سنچری اسکور کی لیکن وہ بھی بڑی اننگز کھیلنے کے بعد ٹیم کو جتوا نہ سکے۔امام 96 گیندوں پر 103 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ خوشدل شاہ 19 اور رضوان نے 10 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 شکار کیے، اس کے ساتھ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں بھی مکمل کیں۔
اس کے علاوہ ٹریوس ہیڈ اور سوئپسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ ون ڈے سیریز کے دیگر 2 میچز بھی لاہور میں ہی 31 مارچ اور 2 اپریل کو شیڈول ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔