آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں جیت کے لیے 349 رنز کا ہدف دے دیا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ آسٹریلیا نے مقرر 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے۔ فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کپتان ایرون فنچ کو تو صفر پر پویلین لوٹا دیا، لیکن دیگر کھلاڑیوں نے ٹیم کو ساڑھے تین سو کے قریب پہنچا دیا۔ گزشتہ میچ کے سنچورین ٹریوس ہیڈ اور بین میکڈرمٹ کے درمیان 163 رنز کی شراکت نے قومی بولرز کے چھکے چھڑا دیے۔
ہیڈ 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن اس مرتبہ بین میکڈرمٹ نے اپنی سنچری مکمل کی جو 104 رنز کی اننگز کھیل سکے۔ مہمان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں مارنس لبوشین 59، مارکس اسٹوئنس 49 اور شان ایبٹ نے 28 رنز کے ساتھ ٹیم کے ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، دیگر بولرز میں محمد وسیم نے 2 جبکہ زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ لی۔
خیال رہے کہ اس میچ میں بھی پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان ٹیم میں دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کیلئے ایک تبدیلی کی گئی، حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی کو شامل کیا گیا۔