پاکستان سپر لیگ 8 کی فرنچائز پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کا ڈریسنگ روم میں ہونا بڑی بات ہے وہ دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کے دوران ڈیرن سیمی نے بابر اعظم کے ساتھ کام کرنے پر پرخوشی کا اظہار کیا۔
پشاور زلمی کے کیمپ میں بابر کی قیادت پر ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے کیمپ میں شامل ہونے پر خوش ہوں ، میں ہمیشہ لوگوں سے کہتا ہوں کہ میں خود کو بطور کوچ نہیں دیکھتا بلکہ خود کو بطور تدبیرکار (tactician) لیتا ہوں،آپ بابر کا گیم دیکھیں جس میں آپ ٹیکنیکل نقطہ نظر سے زیادہ کچھ شامل نہیں کرسکتے ۔
ڈیرن سیمی نے بطور کوچ اپنی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئےکہا کہ میرا ان پٹ کپتانی سمیت مختلف جگہوں پر کھلاڑیوں کے ساتھ کام کی حکمت عملی سے متعلق ہے، اگر ہم اچھی کوشش کریں جو میرے خیال میں ہم کریں گے اور ایک ایسی پلیئنگ الیون کو اکٹھا کریں گے جو میدان میں اتر کر بابر کے کام کو آسان بنائی گی اور یہی ٹیم ہمیں گیمز جیتنے اور چیمپئن بننے میں مدد دےگی ۔
بطور کھلاڑی ، بطور مینٹور اور اب بطور کوچ زلمی کے ساتھ سفر پر بات کرتے ہوئے ڈیرن سیمی کا کہنا تھا پشاور زلمی کے ساتھ سفر مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میں گھر پر ہوں، زلمی ہمیشہ میرا گھر رہےگا، اگر آپ میری رنگت کو ہٹا کر دیکھیں تو آپ کو اس میں سے زلمی کا خون نکلتا نظر آئےگا۔