سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب شاہد زمان کی زیرصدارت جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں10سے 12مارچ تک منعقد ہونے والے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہواجس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے سپورٹس ودیگر ایونٹس کے بارے میں بریفنگ دی
اجلاس میں لاہور پولیس، لاہور آرٹس کونسل، پنجاب آرٹس کونسل،محکمہ تعلیم،لاہور میٹرو پولیٹین کارپوریشن ، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے افسران،ڈائریکٹر ایڈمن اعجاز منیر، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن، ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد بھی شریک تھے
سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب شاہد زمان نے افسران کو ہدایت کی کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے سپورٹس ودیگر ایونٹس کی بھرپور تیاری کی جائے
انہوں نے کہا کہ سپورٹس ایونٹس میں چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کھلاڑی بھی شریک ہونگے، کھلاڑیوں کو اعلی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بہترین انتظامات کریں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ساڑھے42 کلومیٹر کی سائیکل ریس بھی ہوگی، روٹس کی کلیئرنس اور سکیورٹی کی ذمہ داری لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن اور پولیس کی ہوگی،سائیکل ریس کے روٹ کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا
تمام محکمے ایک دوسرے سے رابطہ رکھیں اور ایونٹس خوبصورت انداز میں منعقد کرائیں،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے سپورٹس ودیگر ایونٹس کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے سلسلہ میں میراتھان بھی ہو گی جس میں ہر شہری حصہ لے سکے گا،تمام محکمے ایونٹس کے انعقا دکیلئے کوآرڈینیشن کریں ، 350نوجوان یونٹی شو میںحصہ لیں گے،لاہور آرٹس کونسل اور پنجاب آرٹس کونسل غزل نائٹ اور بہار مشاعرہ کرائیں گے،نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے بہترین انتظامات کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں،ہزاروں نوجوان یونٹی شو، میراتھان ا ور سپورٹس ایونٹس میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرینگے۔